پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن اراکین سے فوراً مستعفی ہونے کا مطالبہ


پاکستان تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر اور
الیکشن کمیشن اراکین سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کرتے
 ہوئے کہا ہے کہ وہ عوام کی منشا کو پامال کرکے ملک میں پی ڈی ایم ٹو جیسا شرمناک ڈرامہ رچانے کی کوششوں کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

پارٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ دھاندلی کا لبادہ اوڑھ کر پی ڈی ایم ٹو کو دوبارہ عوام کے سروں پر مسلط کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی، مقبول ترین، چاروں صوبوں میں نمائندگی اور فیصلہ کن عوامی مینڈیٹ کی حامل تحریک انصاف ہی حکومت سازی کا بنیادی دستوری، جمہوری، اخلاقی اور سیاسی حق رکھتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ تین روز پہلے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے نااہل مجرموں کے اس ٹولے کو مسترد کیا تھا جس نے 16 ماہ کے دوران عوام کو معاشی و انتظامی تباہی اور بدترین مہنگائی کی دلدل میں پھینک دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عزتِ نفس اور دستور و قانون کے احترام سے یکسر بے نیاز چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن جمہوریت پر کھلے ڈاکے میں مرکزی سہولتکار ہیں۔

پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ دستور پامال کرنے، قانون کی دھجیاں اڑانے، جمہوریت کو داغدار کرنے اور عوامی مینڈیٹ کی بےحرمتی کا دروازہ کھولنے والے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن اراکین فوری استعفیٰ دیں۔

پارٹی نے کہا کہ عوام اپنے مینڈیٹ کے برعکس مجرموں کو ملک پر مسلط کرنے کے کسی منصوبے کو قبول نہیں کرے گی اور نہ ہی پاکستان تحریک انصاف اس کی اجازت دے گی۔

Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.